ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کےسری نگر علاقے میں انٹرنیٹ خدمات بند ہونے کے 100 دن بعد ، 12 نومبر ، 2019 کو کشمیری صحافیوں نے پلے کارڈزدکھا کر احتجاج کیا۔ دنیا بھر کے صحافیوں کو انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کے دوران کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا بدامنی یا سیاسی اہمیت کے حامل اوقات میں اکثر حکم دیا جاتا ہے۔ (اے پی فوٹو / مختار خان)

ڈیجیٹل سیکیورٹی: انٹرنیٹ کی بندش

سی پی جے نے پا یا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش سے پریس کی آزادی پر سنگین نتائج مرتب ہوتے  ہیں اور صحافیوں کو اپنا کام مؤثر طریقے سے انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انٹرنیٹ خدمات پر بندش عائد کرنے یا اس کی رسائی کو  محدود رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ میڈیا اہلکار  کوئی واقعہ رونما ہونے تک ذرائع سے رابطہ کرنے ، حقائق کی جانچ پڑتال ، یا خبریں ارسال کرنے سے قاصر رہیں۔ Access Now کے بین الاقوامی محققین کےمطابق بندش  کازیادہ تر امکان تنازعات ، سیاسی بدامنی یا انتخابات کے دوران ہوتا ہے اور حکومتوں کے ذریعہ معلومات تک عوام کی رسائی کومحدود کرنے کے لئے استعمال کیا جا تا ہے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے مختلف اقسام ہیں اور یہ بندش پورے ملک یا صرف بعض مخصوص علاقوں میں عائد کی جا سکتی ہے۔ مکمل بندش کا سامنا کرنے والے صحافیوں کو انٹرنیٹ اور ٹیلی مواصلات کے یکسر تعطل کامسئلہ در پیش ہو تا ہے ، اس کا مطلب ہے کہ وہ لینڈ لائن یا سیل فون کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے یا دوسروں سے رابطہ کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ حکومتیں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مواصلاتی ایپ یا یوٹیوب جیسی مخصوص ویب سائٹس یا خدمات کو جزوی طور پر بند کرنے کا حکم دے سکتی ہیں جس سے میڈیا اہلکاروں کی دوسروں کے ساتھ بات چیت کرنے یا انٹرنیٹ پر مواد اپلوڈ کرنے کی صلاحیت پر قدغن لگ  سکتا ہے۔ انٹرنیٹ کو کنٹرول کرنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار کو کم کر دیا جائے، اور اسے مؤثر طریقے سے نا قابل استعمال بنا دیا جائے تا کہ انٹرنیٹ پر موجود  صفحات نہ کھل پائیں اور لوگ مواد اپ لوڈنہ کر سکیں۔

 جب انٹرنیٹ کی تمام قسم کی بندش سے نمٹنے کی بات آتی ہے تو تیاری کلیدی حیثیت اختیار کر لیتی ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش  کے بارے میں فکر مند صحافیوں کے لئے درج ذیل معلومات کار آمد ثابت ہوسکتی ہیں۔

 جنرل ڈیجیٹل سیکیورٹی کا بہترین لائحہ عمل

انٹر نیٹ پر بندش  سے پہلے ڈیجیٹل سیکیورٹی کا بہتر لائحہ عمل مرتب کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ مکمل طور پر  انٹرنیٹ کی خدمات  معطل ہو جانے کے دوران رپورٹنگ کرتے وقت آپ بہتر طور پر تیار اور  محفوظ ہیں۔

  • اپنے آلات کو محفوظ بنائیں اور ان پر دستیاب معلومات کی مقدار کو محدود کریں تاکہ بندش کے دوران رپورٹنگ کرتے ہوئے حراست میں لئے جانے کی صورت میں آپ کی اور آپ کے ذرائع پر کسی طرح کی آنچ نہ آنے پائے۔
  • دوسروں سے رابطہ قائم کرنے کے لئے پیغام رسانی کے ایسے ایپس کا استعمال کریں جہاں معلومات کومکمل طور پر خفیہ رکھا جاتا ہو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ  ایپ کے ذریعے بھیجے جانے والے مواد ، بشمول کالز ، کو خفیہ رکھا جاتا ہے اور اسے درمیان میں نہیں رو کا جا سکتا۔ مثلا سگنل یا واٹس ایپ ایسی کمپنیاں ہیں جن کے پاس میسجز کے مواد تک رسائی نہیں ہو تی ہے اور اس وجہ سے انہیں حکومتوں کے ذریعہ طلب نہیں کیا جا سکتا۔

سی پی جے ڈیجیٹل سیفٹی کٹ میں ڈیوائس کی حفاظت اور خفیہ مواصلات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

انٹرنیٹ پر بندش سے نمٹنے کی تیاری

  • انٹرنیٹ یا مواصلات کی بندش سے متعلق قبل از وقت اندازہ لگا لیں ۔ اس میں ممکنہ طور پر شہری بدامنی ، احتجاج اور انتخابی ادوار کے اوقات شامل ہوں گے۔ آپ کے ملک کے بعض   خطے میں انٹرنیٹ پر پابندی کا امکان دیگر خطوں کے مقابلے زیادہ ہو سکتا ہے۔
  • قانون سازی میں ہونے والی ان تبدیلیوں پر نگاہ رکھیں جو حکومتوں کو انٹرنیٹ اور مواصلات کے دیگر اقسام تک رسائی کو منقطع کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔تحقیق کریں کہ آس پاس کے خطے کی دیگر حکومتیں انٹرنیٹ اور مواصلات کی بندش کے حوالے سے کیا کر رہی ہیں۔
  • اپنے نیوز روم اور ساتھیوں سے مکمل شٹ ڈاؤن کی منصوبہ بندی کے بارے میں بات کریں۔ ایک ایسا منصوبہ تیار کریں جس میں یہ بتایا جائے کہ ذاتی طور پر کہاں اور کب ملنا ہے اور آپ انٹرنیٹ کے استعمال کے بغیرمعلومات کو قلمبند کر کےانہیں ایڈیٹرز کو کیسے منتقل کریں گے۔ لینڈ لائن رابطے کی تفصیلات شیئر کرنے پر غور کریں ، لیکن خیال رہے کہ لینڈ لائن کال غیر محفوظ ہیں اور حساس گفتگو کے لئے اسے استعمال نہ کیا جائے۔ممکنہ طور پر بندش سے متا ثر ہو نے والے خطے یا علاقے میں  مقیم اور مامور ساتھیوں کےتعاون کے حوالے سے منصوبہ بندی کریں۔
  • کسی بھی دستاویز یا مواد کو آن لائن سائٹ سے پرنٹ کر لیں جس کی بندش کے دوران آپ کو ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
  • بندش کے دوران ڈیٹا جمع کرنے کے لئے عملے کو یو ایس بی ڈرائیوز یا سی ڈی فراہم کریں۔

صحیح آلات کا انتخاب کریں

آن لائن آلات اور خدمات کے استعمال میں سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔صحافیوں کے لئے مناسب ہے  کہ وہ ڈیجیٹل سیفٹی کی تازہ ترین معلومات خاص طور پر میسجنگ ایپس جیسے  مواصلاتی آلات  سے با خبر  رہیں۔ مندرجہ ذیل مشورہ کو اپریل 2021 سے بروئےکار لایا جائے۔

  • جزوی بندش کے دوران مسدود سائٹوں تک رسائی حاصل کرنے میں اپنی مدد کیلئے وی پی این خدمات ڈاؤن لوڈ کر کے مرتب کریں۔ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں اکثر VPNs بند کر دیتی ہیں ، لہذا بہت سارےدستیاب متبادل  رکھنےکی سفارش کی جاتی ہے۔ بعض حکومتوں نے وی پی این کے استعمال کو غیر قانونی قرار دیا ہے لہذا اپنے ملک کے قانون سے با خبر رہیں۔ انٹرنیٹ کی مکمل بندش کے دوران وی پی این سے آپ کو مدد نہیں مل پائے گی۔
  • دوسروں سے رابطہ کرنے کا ایک سے زیادہ طریقہ اختیار کریں۔ متعدد مواصلاتی ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرکے اسے ترتیب دینے کا مطلب یہ ہوگا کہ جب کوئی  ایک بلاک ہوجائے تو آپ دیگر خدمات استعمال کر سکتے ہیں۔ سیکیوریٹی کے ان نقائص  کے حوالے سے محتاط رہیں جو مختلف ایپس کے ساتھ موجود ہوسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر بعض خدمات میں پیغامات کو خفیہ رکھنے کا آپشن یعنی انکرپشن خود بہ خود نہیں ہو گا بلکہ ہو سکتا ہے کہ  اسے آپ  کو آن کرنا پڑے۔ انٹرنیٹ کی  بندش کے دوران آپ ایس ایم ایس جیسے زیادہ غیرمحفوظ ذرائع کےتوسط سےاطلاع فراہم کرنے کے لئے مجبورہو سکتے ہیں، لہذا آپ حساس معلومات کے تبادلے میں محتاط رہیں۔
  • بلوٹوتھ ، وائی فائی ڈائرکٹ اور نیئر فیلڈ کمیو نیکیشن (این ایف سی) کا استعمال کرکے ڈیٹا شیئر کرنے سے متعلق معلومات حاصل کریں۔ یہ طریقے معلومات منتقل کرنے کے لئےآپ کےفون کو دوسرے فون کے ساتھ رابطہ کرنے کی اجازت دیتے ہیں اور اس کے لئے انٹرنیٹ درکار نہیں ۔ یہ عام طور پر آپ کے فون کے سیٹنگ سیکشن میں پائے جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ کی بندش سے پہلے ان کا استعمال کرنے کی کوشش کریں اور فائلوں کو منتقل کرنے سے متعلق ان کی حدود کو سمجھیں۔
  • Briar یا Bridgefyجیسے  پیغام رسانی کے آلات  ڈاؤن لوڈکر کے  مرتب کرلیں۔ Briar مکمل طور پر ایک خفیہ پیغام رسانی ایپ ہے جو انٹرنیٹ ، وائی فائی ڈائرکٹ اور بلوٹوتھ کے توسط سے کام کرتا ہے ۔ Bridgefy میں Briar کے مقابلے کم حفاظتی خصوصیات موجود  ہیں تا ہم یہ   زیادہ لمبے فاصلے تک کام کرے گا۔
  • رومنگ یا سیٹلائٹ فون والے بین الاقوامی سم کارڈ کا حصول آپ کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرسکتا ہے۔ ان خدمات کے استعمال سے متعلق حفاظتی خطرات خاص طور پر لوکیشن کا پتہ لگانے کے سلسلے میں ہوشیار رہیں۔ پتہ کریں  کہ آیا آپ جس ملک میں ہیں وہاں وہ قانونی ہیں یا نہیں۔

انٹرنیٹ بندش  کے دوران

  • انٹرنیٹ بندش کے دوران رپورٹنگ کرتے وقت حراست میں لئے جانے کا زیادہ خطرہ رہتا ہےجو در اصل حالات پر منحصر کرتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے آلات میں کوئی حساس معلومات موجود نہ ہو جو آپ کویا دوسروں کو خطرہ میں ڈال سکتی ہے۔
  • بر وقت اطلاعات فراہم کرنے میں مشکلات کے با وجود آپ رونما ہونے والے واقعات کو قلمبند کر سکتے ہیں۔ معلومات جمع کر کے انہیں ساتھیوں اور ایڈیٹرز کے سپردکرنے کے لئے ، اگر ممکن ہو تو  محفوظ USB یا CDs کا استعمال کریں۔ خیال رہے کہ اگر ان آلات پر معلومات کو خفیہ نہیں کیا گیا ہے توآپ کو حراست میں لئے جانے کی صورت میں  حکام کے ذریعہ اس تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
  • بلوٹوتھ ، وائی فائی ڈائرکٹ یا این ایف سی (عام طور پر ڈیوائس کی سیٹینگز میں پائے جاتے ہیں) کااستعمال کر کے آلات کے مابین فائل شیئرکریں۔ خیال رہے کہ اس طرح سے معلومات منتقل کرنا محفوظ نہیں ہے ، اور آپ جو بھی استعمال کرتے ہیں اسے فوری طور پراستعمال کے بعد بند کردیں تاکہ آپ کا آلہ آس پاس موجود نامعلوم آلات سے  رابطہ میں نہ آ جا ئے۔
  • Briar  اور Bridgefy جیسے پیر-ٹو-پیر مواصلاتی ایپس کا استعمال کریں اور ہر ایک کے حفاظتی خطرات سے با خبر رہیں۔
  • انٹر نیٹ کی بندش کے دوران حساس معلومات کے تبادلے کی غرض سے ایس ایم ایس یا فون کالز جیسے غیر محفوظ مواصلاتی طریقوں کےاستعمال سے گریز کرنے کی کوشش کریں۔ مثال کے طور پر آپ کو ٹیلی مواصلات فراہم کرنے والی کمپنی کے توسط سےمواصلات کے ان طریقوں کو حکومت روک سکتی ہے یا ان تک رسائی حاصل کر جا سکتی ہے۔
  • اینڈروئیڈ فون صارفین انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے F-Droid کا استعمال کرسکتے ہیں۔ اینڈروئیڈ کے لئے ایک اور آپشن یہ ہے کہ ایپ انسٹال کرنے کے لئے اے پی پی فائل کا استعمال کریں۔ا یپ اسٹور سے جڑےبغیرآلات کے ما بین ین ایپ فائلوں کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے لیکن یہ ا یپ اسٹور کی جانچ پڑتال سے مژروط ہیں۔ لہذا صرف ان لوگوں کی فائلوں کو قبول کریں جن پر آپ اعتماد کرتے ہیں۔
  • مسدود سائٹوں کے اسکرین شاٹس لے کر بندش کے حوالے سے  حقائق و معلومات قلمبند کریں۔ آپ ان معلومات کو بعد میں اپنے ملک میں یا بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل حقوق کے شعبے میں سرگرم تنظیموں کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ایسا کرنے سے آپ کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے بعد

  • اپنے نیوز روم یا ساتھیوں سے بات کریں کہ انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کی گئی تیاری کس قدر مؤثر ثابت ہو ئی۔
  • اپنے آلات ، بیک اپ کا جائزہ لیں اور کسی بیرونی ڈرائیو یا کلاؤڈ میں موادکو منتقل کر دیں۔ جہاں ممکن ہو ، اپنی معلومات کو مزید محفوظ رکھنے کے لئےانہیں  بلا مجاز دسترس سے محفوظ رکھنے کے لئےخفیہ(انکرپٹ) کریں۔

دیگر وسائل